عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے مقتول طالب علم مشال خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی جس میں انکشاف ہوا ہے کہ موت گولی لگنے سے ہوئی ۔
ادھر خیبرپختونخوا حکومت نے قتل کی جوڈیشل انکوائری کی سمری پشاور ہائیکورٹ کو بھجوادی ہے۔ ترجمان خیبر پختونخوا حکومت مشتاق غنی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مشال قتل کی جوڈیشل انکوائری کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل انکوائری کی سمری پشاور ہائی کورٹ کو بھجوادی ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول مشال خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی جس کے مطابق طالب علم کی موت گولی لگنے سے واقع ہوئی ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے کارروائی تیز کردی ہے ۔ ڈی آئی جی مردان محمد عالم شنواری کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں توہین مذہب کے شواہد نہیں ملے۔ ایف آئی آر میں نامزد 12 ملزمان سمیت 100 کے قریب طلبہ کو گرفتار کیا ہے۔