مردان: مشال قتل کیس میں ویڈیو کی مدد سے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ گرفتار ملزمان میں سے مزید ایک نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
مشال قتل کیس میں ویڈیو کی مدد سے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 36 ہوگئی ہے، گرفتار ملزمان میں سے یونیورسٹی کے طالب علم فرحان نے بھی اعتراف جرم کر لیا جس کے بعد اعتراف جرم کرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ ڈی پی او مردان ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق مشال قتل کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور دو اہم ملزمان پکڑے گئے ہیں، ملزم اشفاق خلجی کو ویڈیو کے ذریعے شناخت کیا گیا، اشفاق نے مارا جب کہ ملزم فضل رازق نے لاش کی بے حرمتی کی تھی، دونوں ملزمان کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کیمپس میں طالب علم مشال خان پر مبینہ طور پر توہین رسالت کا الزام لگایا گیا جس پر طالب علموں کے مشتعل ہجوم نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔