مشال قتل کیس میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
Mishal murder case: arrest 4 suspects
پولیس کے مطابق گرفتارملزمان میں شہاب علی، صہیب، سعید اور شہزاد شامل ہیں۔ ان گرفتاریوں کے بعد مشال قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان کی شناخت وڈیو سے ہوئی جبکہ دو ملزمان کو دیگر ملزمان کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم عارف روپوش ہے جبکہ 49 ملزمان جیل میں ہیں۔ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر پولیس مشال قتل کی رپورٹ 13 مئی کو دےگی۔ دوسری جانب عبدالولی خان یونیورسٹی مردان تقریباً ایک ماہ بعد بھی نہ کھل سکی، یونیورسٹی کو مشال خان کے قتل کے باعث 13 اپریل کو بند کردیا گیا تھا۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اور یونیورسٹی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کر سکی، عبدالولی خان یونیورسٹی میں مڈ ٹرم امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے تھے۔