ڈھاکہ: جنت النعیم کو صرف پانچ روز قبل مس بنگلہ دیش کا تاج ملا تھا ، انتظامیہ نے معلومات چھپانے پر اعزاز واپس لے لیا
بنگلہ دیش کی ملکہ حسن جنت النعیم ایورل سے شادی کو خفیہ رکھنے کے جرم میں ملکہ حسن کا تاج واپس لے لیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صرف 5 روز قبل ہی بنگلہ دیش کی ملکہ حسن قرار دی جانیوالی جنت النعیم کو اس وقت اپنا تاج واپس کرنا پڑ گیا جب انکے حوالے سے انکشاف ہوا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور انہوں نے شادی کو خفیہ رکھا اور جھوٹ سے کام لیا۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگالی حسینہ کی شادی مارچ 2013 میں ہوئی اور صرف 2 ماہ جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی تھی لیکن مس ورلڈ بنگلہ دیش میں کسی ایسی خاتون کو نمائندگی کا موقع نہیں دیا جاسکتا جس نے اپنے حوالے سے غلط معلومات دی ہوں جبکہ مقابلے کے قواعد و ضوابط کے تحت صرف غیر شادی شدہ خواتین ہی مس ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لے سکتی ہیں۔
اس لئے جنت النعیم سے ٹائٹل واپس لیے جانے کے بعد رنر اپ جیسن اسلام کو ’’مس ورلڈ بنگلہ دیش‘‘ کا ٹائٹل دیا گیا ہے دوسری جانب جنت النعیم کا کہنا ہے کہ ٹائٹل چھین لینے کا فیصلہ میری شکست نہیں بلکہ یہ بنگلہ دیش کے قوانین کی شکست ہے۔