فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ڈیٹا لیک کے حوالے سے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا اور کہا کہ انہیں معاف کردیا جائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مارک زکر برگ نے سینیٹ کی کامرس اور انصاف کی کمیٹی کے سربراہان کے علاوہ دیگر سینیٹرز سے ملاقاتیں کیں اور یہ اعتراف کیا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ معاف کردیں۔
ان ملاقاتوں کے علاوہ فیس بک کے بانی نے اپنی فیس بک پر معافی نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے جعلی خبروں، صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے اور امریکی انتخابات میں بیرونی مداخلت جیسے معاملات میں کمپنی کے کردار پر معافی مانگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورکنگ معاملات میں ناکام رہے۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈیموکریٹ سینیٹر بل نیلسن نے کہا کہ مارک زکر برگ نےانہیں بتایا کہ کیمبریج اینالیٹیکا نے ڈیٹا سے متعلق فیس بک سے جھوٹ بولا تھا۔ سینیٹر نیلسن کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اس وقت کوئی اقدام نہ کیا تو پھر ہم میں سے کسی کی کوئی پرائیویسی نہیں رہے گی۔