اسلام آباد……اربوں روپے فراڈ کے مضاربہ کیس میں مفتی احسان الحق اور غلام رسول ایوبی سمیت 5 ملزمان کو ضمانت خارج ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے گرفتار کر لیا گیا ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل2رکنی بنچ نے مضاربہ کیس سے متعلق مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ اسلامی سرمایہ کاری کے نام پرمفتی احسان الحق نے شہریوں سے8ارب روپے سے زائد جبکہ غلام رسول ایوبی نے ساڑھے 3 ارب روپے کا فراڈ کیا۔ متاثرین کو رقم واپس کرنے کی یقین دہانی پر ملزمان نے ضمانت حاصل کی مگر عدالت میں دیے گئے شیڈول کے مطابق ادائیگی نہیں کی۔عدالت نے ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔