وزارت داخلہ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
لاہور: کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل گرل ایان علی کی بیرون ملک جانے کی خواہش دھری کی دھری رہ گئی۔ وزارت داخلہ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایان علی کا نام ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا، سندھ ہائیکورٹ کا معاملہ پر اختیار سماعت نہیں تھا۔ عدالت عالیہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ نظرانداز کرتے ہوئے پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کا مؤقف سنے بغیر فیصلہ دیا، ریفری جج نے حق میں فیصلے کی وجوہات نہیں بتائیں، عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس کے کے آغا کو مقدمہ سننے سے انکار کرنا چاہیے تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ایان علی کا نام ای سی ایل میں شامل رکھا جائے۔ درخواست میں ماڈل ایان علی کو فریق بنایا گیا ہے۔