لاہور (یس ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا طاہر القادری کا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا نہیں ہے۔ یہ پاکستان کی سالمیت اور بقاء کی تحریک ہے۔ تحریک قصاص، ظلم وجبر اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص ہوگا تو ملک سے دہشتگردی ختم ہو گی۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص انصاف کا دروازہ کھولے گا۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ظالمانہ نظام کو بدلنا ہمارا ایجنڈا ہے۔ گھروں میں بیٹھنے سے انصاف نہیں ملے گا۔ ملک کی تقدیر کو بدلنے کیلئے پوری قوم کو باہر نکلنا ہوگا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے احتجاج کے اگلے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 25 اگست کو ڈیرہ غازی خان، 26 اگست کو مظفر گڑھ، 27 اگست کو ملتان جبکہ 29 اگست کو کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا جی سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود عوام گھروں میں بیٹھے ہیں۔ طلبہ، ڈاکٹرز، بزرگ شہری اور خواتین سب احتجاج کیلئے باہر نکلیں۔
دوسری جانب عوامی تحریک نے دوسرے روز بھی کئی شہروں میں قصاص ریلیاں نکالیں اور دھرنے دئیے۔ ان ریلیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ گوجرانوالہ میں ریلوے سٹیشن سے شیرانوالا باغ تک ریلی نکالی گئی جس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔
سیالکوٹ میں شہاب پورہ سے ریلی نکالی گئی۔ گجرات میں ضلعی سیکرٹریٹ سے ریلی شروع ہوئی۔ جی ٹی ایس چوک میں مقامی رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔ نارووال میں ظفروال بائی پاس سے ریلی نکالی گئی۔ حافظ آباد کے فوارہ چوک پر بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ کھاریاں میں نکالی گئی ریلی میں سیکڑوں کارکن شریک تھے۔