اسلام آباد : پاکستان نے بنگلہ دیش میں بھارتی وزیر اعظم کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کا بیان بھارت کے منفی رویہ کو ثابت کرتا ہے، عالمی برادری مشرقی پاکستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے بھارتی وزیر اعظم کے سقوط ڈھاکہ کے حوالہ سے اعتراف پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نريندر مودی نے بنگلہ ديشں ميں بيان دے کر پاکستانی مؤقف کی تصديق کر دی۔ نریندر مودی کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو پریشانی قرار دینا بدقسمتی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت ہمسايہ ممالک کے امور ميں مداخلت کرتا ہے اور اس پر فخر بھی کرتا ہے۔ نریندر مودی کا بنگلادیش میں بیان بھارت کے منفی رویئے کا عکاس ہے۔
بھارتی حکمرانوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی اور یہ بھارت کا وطيرہ ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے دوستانہ تعلقات خراب کرنیکی بھارتی کوشش ناکام رہے گی۔ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور بھارت سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کےعوام مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انگریزوں سے آزادی کیلئے دونوں ممالک کی مشترکہ جدوجہد تھی اور دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے اعتراف کا نوٹس لے۔