اسلام آباد (یس ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی ہم منصب میاں محمد نواز شریف سے فون پر رابطہ کیا ہے، دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ورکنگ بائونڈری کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان مستقبل میں بھی تمام مسائل گفت و شید کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دریں اثنا وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان خارجہ امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مستحکم دوستی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
چینی بھائیوں کے ساتھ دوستی اور تجارتی تعلقات کا استحکام ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط کیا جائے گا۔