لاہور: معروف صحافی ہارون الرشید کا بھارتی انتخابات میں بی جے پی کے سربراہ نریندر مودی کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مودی سرکار نہیں مودی کامیاب ہو گیا جیسے پاکستان میں عمران خان کامیاب ہوگئے تھے۔ برصغیر میں لیڈرز ہی ہوتے ہیں۔
ہارون الرشید کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس ایک خبر ہے کہ نریندر مودی بھارتی انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ایک بھجوایا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جیتنے کے بعد میں آپ سے بات کروں گا۔ اسی وجہ سے عمران خان نے کہا تھا کہ نریندر مودی کے الیکشن جیتنے کے بعد حالات بہتر ہو جائیں گے۔ تاہم ابھی کچھ کہنا مشکل ہے کہ جو لیڈر نفرت پھیلاتے ہیں وہ امن کی بات نہیں کر سکتے اور لگتا نہیں کہ نریندر مودی مذاکرات کی طرف آئیں گے۔ خیال رہے گذشتہ روز بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے انتخابات جیتنے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے نام خصوصی پیغام جاری کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے مبارکباد کے پیغام پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو ۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو انتخابات واضح جیت پر مبارکباد پیش کی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کے لیے کام کرنے کی خواہش ہے ۔