ویلنگٹن …..اسپاٹ فکسنگ کے سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر ٹی ٹوئنٹی کی طرح ون ڈے کرکٹ میں بھی ساڑھے 5 برس بعد ایکشن میں ہونگے،ان کے حوالے سے کپتان اظہر علی کا کہناہے کہ وہ سب کچھ بھلا چکے،بطور کپتان عامر کی مدد کریں گے ۔
محمد عامر کے انٹرنیشنل کیرئیر پر پڑا تالا تو کھیل چکا ،آج وہ ویلنگٹن میں اپنا 16واں ایک روزہ میچ کھیلیں گے ،میچ میں ان کے کپتان اظہر علی ہے جنہوں نے عامر کے ساتھ ٹریننگ تک کرنے سے انکار کردیا تھا ،لیکن اب کپتان کی سوچ بدل گئی ہے ، کہتے ہیں کہ وہ ماضی کو بھلا چکے ، بطور کپتان ان کی کوشش ہو گی کہ عامر کی مدد کریں اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے کہ وہ بھی ترقی کی منازل طے کرے۔کپتان پر امید ہیں کہ سب مل کر فاسٹ بولر کےلیے ایسا ماحول پیدا کریں گے کہ وہ پاکستان کے لیے وکٹیں حاصل کرسکے، محمد عامر نے پابندی سے پہلے 15 ون ڈے میچز میں 25 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا، لیکن بس لائن سے ایک قدم آگے بڑھانے کا جرم انہیں کئی میل پیچھے دھکیل گیا۔