متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
کراچی: (یس اُردو) پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں نفرتوں کا سلسلہ بویا گیا۔ ہم لوگوں کے غصے اور زہر کو کم کر رہے ہیں۔ جہاں زیادتیاں اور محرومیاں ہیں اسے ختم ہونا چاہیے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو متحدہ قائد کی کسی بات کو سیریس لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم نے دشمن نہیں بنانے بلکہ بچوں کوقلم دینا ہے۔ آئندہ آنے والی نسلیں دشمنیاں نہیں دیکھیں گی۔ محبت باںٹنے آئے ہیں۔ کسی کے ہاتھ میں اسلحہ نہیں دیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی کا کہنا تھا کہ سندھی اور اردو بولنے والوں کو ٹشو پیپرز کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک بیٹھے ایک شخص نے پوری قوم کو تباہ کر دیا ہے۔ قائد ایم کیو ایم نے کئی نسلوں کو تباہ کیا اور پاکستان کے ساتھ غداری کی۔ متحدہ نے بھائی کو بھائی سے لڑانے کا کام کیا۔ ہمارے ساتھیوں کے ہاتھوں میں بندوقیں دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی مضبوطی کیلئے سب لوگوں کو ایک ہونا ہوگا۔