کھاریاں(نیئر صدیقی سے )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد عامر جان نے کہا ہے کہ حکومت کے احکامات اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی گائیڈ لائنز کے مطابق سرکاری سکولوں‘ کالجوں اور یونیورسٹیوں اور نجی تعلیمی اداروں کے حفاظتی اقدامات سیکورٹی پیرا میٹرز کے مطابق چیک کرنے کے لئے سیکورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے کسی بھی کمی اور خامی کی نشاندہی پرمتعلقہ ادارے کی انتظامیہ جواب دہ ہو گی ۔ وہ سی پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ جس میں صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی اقدامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی کے احکامات ملنے کے بعد کمشنر محمد عامر جان نے تمام تعلیمی اداروں کے سر براہان اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہو ئے اس امر کا پابند کیا ہے کہ8 فٹ بلند چار دیواری ‘ سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی اور تر بیت ‘ سیکورٹی آلات‘ میٹل ڈیٹیکٹر کی دستیابی ‘ داخلی راستوں کے باہر پختہ رکاوٹیں‘ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے معاملات اپ ٹو ڈیٹ رکھے جائیں انہو ں نے کہا کہ ہر ضلع میں قائم ڈسٹرکٹ سیکورٹی کمیٹی کو اس ضمن میں چیک اینڈ بیلنس قائم کرنے کے لئے ہر تعلیمی ادارے کی چیکنگ کے خصوصی ٹاسک سونپے جا چکے ہیں اس کے لئے ہر ادارہ کنٹرول روم قائم کرنے کا مجاز بھی ہوگا تاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مناسب مانیٹرنگ کی جا سکے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد عامر جان نے کہاکہ اداروں کے سر براہوں کو فرض شناسی اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے ا س کے ساتھ ساتھ اداروں میں تعمیراتی کام میں مصروف مستریوں او رمزدوروں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی تاکہ وہ کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ رابطہ نہ رکھیں۔ انہو ں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر ہر تعلیمی ادارہ کے روزانہ حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا اور اس کی رپورٹ حکومت کو ارسال کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ قوم کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے اس قومی و عظیم مقصد کے حصول کے لئے جس حد تک انسانی کوششیں ممکن ہوسکیں کی جائیں گی۔ انہوں نے تمام اداروں کے سر براہان کو متنبہ کیا کہ اگر کسی بھی ادارہ میں سیکورٹی پیرامیٹرز اور گائیڈ لائنز کے مطابق حفاظتی اقدامات نہ کئے گئے تو ادارہ کی انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔