شیخوپورہ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیماری پر کچھ سیاسی نابالغوں کی طرف سے ہونے والی بیان بازی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اس پر سیاسی، معاشرتی اور اسلامی اخلاقیات اور روایات کا لحاظ رکھنا چاہیے ،رقص و سرور والوں کو بلوغت کا اظہار کرنا چاہیے شعبدہ باز اور نابالغ سیاسی جماعتوں نے اگر پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو انہیں یہاں کی اسلامی روایات، اخلاقیات اور سیاست کے اسلوب سیکھ لینے چاہیے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ دھرنے دینے والوں کو مایوسی ہوئی، ناکام خان ہر جگہ ناکام ہوئے۔عمران خان تنہائی کا شکار ہیں۔ مسلم لیگ ن ترقی کاسفر جاری رکھے گی۔عمران خان نے تین سالوں میں دھرنے دینے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ،وہ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے ، انہوں نے کہاکہ دھرنے دینے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے ، مئی2014ء میں قادرآباد پروجیکٹ پر کام شروع ہوا تو اس کے فوراً بعد دھرنے دےئے گئے جس نے ملک کی معاشی حالت کا دھڑن تختہ کیا۔توانائی کے منصوبوں میں تاخیر پیدا کی جب دھرنے ختم ہوئے ، غیر یقینی کی صورتحال دور ہوئی تو چین کے صدر پاکستان کے دورے پر آئے اورتوانائی سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔ چھ ماہ کے دھرنوں سے ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کیلئے دن رات ایک کیا گیااور توانائی کے منصوبوں پر دیوانہ وار کام کا آغاز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر 1.8ارب ڈالر خرچ ہورہے ہیں جو 100فیصد چین کی سرمایہ کاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرلیاجائے گا۔تاہم منصوبے کی تکمیل کے ثمرات سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کیلئے کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل کرنا ہوں گے۔محکمہ ریلوے کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے بھر پور تعاون کررہا ہے تاہم اسے وقت سے پہلے کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے اپنے تمام انتظامات کو مکمل کرنا ہے جبکہ این ٹی ڈی سی ٹو بجلی کے ترسیل کیلئے اپنے انتظامات مکمل کرنے ہیں۔