سرائے عالمگیر (نمائندہ خصوصی ) سابق رکن پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف کے صوبائی رہنما محمد ارشدچوہدری نے کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب چوہدری محمد فاروق شہید کی طرح پی ٹی آئی کے قائد عمران خان سمیت تحریک کی قیادت بھی عوام کی عملی خدمت اور دیرنیہ مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے وہ دن دور نہیں کہ جب مرکز اور تمام صوبوں میں تحریک انصاف سنگل لارجسٹ پارٹی کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرے گی اور ملک و ملت کی فلاح و بہبود اور استحکام کے لئے عملی اقدامات کرے گی ۔جمعرات کے روز عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے ارشد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کو حقیقی ریلیف دینے اور مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے ،بجلی و توانائی سمیت بے روزگاری اور کرپشن کے بحران سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں اور جمہوریت کو محض ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ،میاں برداران نے عوامی مینڈیٹ کی ناقدری کر کے قومی گناہ کیا ہے جس کا کوئی کفارہ نہیں بلکہ اب قومی الیکشن میں قوم ان سے انتقام لیتے ہوئے اسے مسترد کر دے گی اور اپنے ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائے گی جو ملک و ملت کو محرومیوں کے گرداب سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقہ میں خدمت کی سیاست کو فروغ دیا اور عوام کو بلا تفریق بنیادی سہولیات بہم پہنچائیں یہی وجہ ہے کہ علاقہ کی عوام ہمارے ساتھ ہے اور بلدیاتی الیکشن میں اہالیان تحصیل سرائے عالمگیر نے حکومتی پارٹی کی بجائے ہمارے نامزد کردہ پینلز کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے اور انشاء اللہ ہم اہل علاقہ کی امیدوں پر پورا اتریں گے اوراب پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے علاقہ میں بلا تفریق تعمیر ترقی کی ایک نئی تاریخ رقم کریں گے