بارسلونا (یوسف چوہدری) پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری کو عوامی تحریک یورپ کا سیکریٹری جنرل نامزد کر دیا گیا،اس سلسلہ میں گذشتہ ہفتہ میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپین کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت محمد اقبال چوہدری جو کہ عرصہ دراز سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے پلیٹ فارم سے پاکستانی اور مسلمان کمیونٹی کیلئے اپنی خدمات دے رہے ہیں اور مختلف عہدوں پر فائز رہ کر بڑی جانفشانی، لگن اور محنت سے فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں ان کی گراں قدر خدمات کو دیکھتے ہوئے چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کچھ عرصہ قبل اپنے لائیو خطاب میں پاکستان عوامی تحریک سپین کا صدر نامزد کیا تھا جس کے بعد ایک بار پھر محمد اقبال چوہدری کی سپین میں پاکستان عوامی تحریک کیلئے کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یورپ کا سیکریٹری جنرل نامزد کر دیا گیا اور گذشتہ ہفتے میں پارٹی کی مرکزی قیادت کیطرف سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
محمد اقبال چوہدری کی بطور سیکریٹری جنرل یورپ (PAT)نامزدگی پر جہاں سپین میں ان کے دوست احباب میں خوشی کی لہر دوڑی وہیں یورپ سمیت دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات میں بھی تیزی آگئی ۔مبارکباد کے پیغامات دینے والوں میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،پاکستان عوامی تحریک یورپ اور فرانس کے صدر چوہدری محمد اسلم کے علاوہ اٹلی، ناروے، ڈنمارک، جرمنی اور دیگر ممالک کی تنظیمات بھی شامل ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر اور سیکریٹری جنرل یورپ محمد اقبال چوہدری نے بطور سیکریٹری جنرل یورپ نامزگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے لازوال محبت کا ثمر ہے کہ انہوں نے مجھے اس قابل جانا۔
یہ نامزدگی میرے لیے ایک اعلیٰ اعزاز ہے جس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کروں گا ،محمد اقبال چوہدری نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان عوامی تحریک کو یورپ بھر میں فعال جماعت بنائیںگے تاکہ یورپ بھرمیں بسنے والے پاکستانی صیح معنوں میں اپنے وطن اور دین کی ترجمانی کر سکیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پوری زندگی ایک کھلی کتاب کی مانند ہیں جنہوں نے ہر موقع پر اسلام کے نام پر ہونے والی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کی۔
ملک میں تمام طبقات کیلئے انصاف کی آواز بلند کی ۔محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا اور امن و انصاف کا بول بالا ہو گا ۔محمد اقبال چوہدری نے دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات وصول ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام دوستوں کی محبت کے مشکور ہیں۔