بارسلونا (یوسف چوہدری) پاکستان عوامی تحریک سپین کے آفس میں عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک سپین کی مرکزی قیادت کے علاوہ اوسپیتالیت اور بیسوس کی تنظیموں کے سینئر عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا جس کی سعادت اوسپیتالیت تنظیم کے صدر شہباز علی چیمہ نے حاصل کی جس کے بعد سیکریٹری جنرل عوامی تحریک سپین راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اور صدر محمد اقبال چوہدری نے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔بعدازاں اجلاس میں شریک تمام اراکین کی متفقہ رائے سے 25مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کے موقع پر پر وقار تقریب کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔
جبکہ ماڈل ٹائون میں شہید ہونیوالے کارکنان اور پاکستانی تاریخ کی بدترین حکومتی دہشتگردی کیخلاف 17جون کو پاکستانی قونصلیٹ سامنے احتجاج کا فیصلہ کیاگیا جس میں پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے ممبران شرکت کرکے حکومت کیخلاف احتجاج کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور ہم یہ احتجاج ریاست پاکستان کیخلاف نہیں بلکہ حکومتی دہشتگردی کے خلاف کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ہماری پہچان ہے اور ہم پاکستان کو ان قاتلوں،چوروں ،ڈاکوئوں اور لٹیرے حکمرانوں سے نجات دلوا کر ہی دم لیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک سپین کے اجلاس میں سپین بھر کے مختلف علاقوں میں تنظیم سازی کیلئے کوارڈینیٹر مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاجس کے لیے عنقریب علاقوں کا تعین کر کے مختلف سیاسی اور علاقائی اثرو رسوخ رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتوں کا شیڈول مرتب کیا جائے گا ۔اجلاس میں اوسپیتالیت تنظیم کی تقریب حلف برداری کیلئے ایک پروقار تقریب کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا جس کی حتمی تاریخ کا فیصلہ اوسپیتالیت تنظیم اپنے ممبران کی مشاورت کے بعد کرے گی جبکہ پاکستان عوامی تحریک بیسوس کے کامیاب جلسے اور تقریب حلف برداری پر عوامی تحریک بیسوس کے عہدیدران کو مبارکباد پیش کی گئی۔
حال ہی میں کامیابیوں کی منازل طے کرتے ہوئے ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے بارسلونا کے پاکستانی طالب علم فیصل اشفاق کو خصوصی طور پراجلاس میں مدعو کیا گیا تھا ، فیصل اشفاق بارسلونا شہر میں پہلے ٹائون لیول پر نمائندہ طلباء اور پھر بارسلونا سٹی کی بلدیہ عظمی کے شعبہ تعلیم کے مشاورتی ادارے میں طلباء کا نمائندہ منتخب ہونے پر فیصل اشفاق کی حوصلہ افزائی کی گئی اور مزید کامیابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر گزشتہ دنوں گلگت بلتستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہر غم کا اظہار کیا گیا اور اس میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
پاکستان عوامی تحریک سپین کے اس اجلاس میں خصوصی شرکت کرنیوالوں میں اوسپتالیت سے صدر شہباز علی چیمہ ،سیکریٹری ممبر شپ سید رفاقت حسین شاہ ،بیسوس سے صدر یاسر عرفان نمبر دار ،نائب صدر عامر سہیل ،سیکریٹری جنرل زاہد عباس جوائنٹ سیکریٹری افگن نثار جبکہ مرکزی عہدیداران میں سے نائب صدر عوامی تحریک سپین چوہدری طارق مہدی ،سیکریٹری جنرل راحیل اکرم ایڈووکیٹ ،سیکریٹری اطلاعات یوسف چوہدری ،ڈپٹی چیف آرگنائزر حاجی طاہر جاوید ،ڈپٹی سیکریٹری عمران آفتاب ،سیکریٹری کوارڈینیشن محمد افضال گوندل ،سیکریٹری فنانس چوہدری محمد زمان ،سیکریٹری ممبر شپ قدیر حسین چوہدری اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات حسن طاہر بیگہ شامل ہیں ۔اجلاس کے اختتام پر محمد اقبال چوہدری کی طرف سے تمام ممبران کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔