شیخوپورہ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و صدر انجمن تاجران لنڈا بازار خادم حسین روڈمیاں محمد لطیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بعد پنجاب حکومت نے بھی مثالی بجٹ پیش کیا ہے ، اس بجٹ سے پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی اور عوام کے دیرنہ مسائل کے حل میں بڑی مدد ملے گی، بجٹ مشکل حالات میں تیار کیا گیا انتہائی متوازن اور عوام دوست ہے جبکہ ماضی کے دور آمریت میں محنت کش اور غریب قوم کے وسائل بے دردی سے لوٹے گئے۔ کرپشن سے قومی معیشت متاثر ہوئی۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور قومی منصوبہ ہے جس سے پاکستان کی تمام اکائیاں مستفیدہوں گی۔ سی پیک کے تحت 36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں جوچین کی سرمایہ کاری ہے اوراس میں سے اڑھائی ارب ڈالر پنجاب میں توانائی کے منصوبوں پر جبکہ سندھ میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں کی جا رہی ہے۔ بلوچستان کے علاقے گوادر اور خیبرپختونخوا میں بھی توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں، اپنے ایک بیان میں میاں محمد لطیف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے سفر کو ملک کی تمام اکائیوں کو غلط فہمیوں کو دور کرکے مل کر طے کرنا ہے۔ پنجاب نے جس طرح نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کی منظوری میں اپنے حصے کی قربانی دی، اسی طرح آئندہ بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مضبوطی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیاد ت میں پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل سے ضرور ہمکنار کریں گے۔