سندھ کے نامزد گورنر محمد زبیر کل صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کے بعد کراچی پہنچیں گے اور امکان ہے کہ وہ 48 گھنٹوں میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں گے۔
سندھ کے نامزد گورنر محمد زبیر 23 مارچ 1956ء کو ایبٹ آباد میں فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کے والد میجر جنرل غلام عمر 1971ء میں فوج سے ریٹائر ہوئے۔ محمد زبیر نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں حاصل کی، 1984ء میں معروف ادارے آئی بی اے کراچی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی،ان کی مستقل رہائش بھی کراچی ہی میں ہے۔وہ امریکی کمپنی آئی بی ایم سے وابستہ رہے اور پیرس، روم، میلان اور دبئی میں تعینات رہے، انہوں نے 2009ء میں چیف فنانشنل افسر کی حیثیت سے آئی بی ایم کو خیرباد کہا۔محمد زبیر نے 2012ء میں مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی کے منشور کی تیاری میں معیشت اور ٹیکس ریفارمز کے شعبوں میں معاونت کی، 2013ء کی الیکشن ٹیم کا حصہ بھی رہے۔مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد محمد زبیر کو پہلے بورڈ آف انویسٹمنٹ کا چیئر مین اور دسمبر 2013ء میں وزیر مملکت کا رتبہ دے کر نجکاری کمیشن کا سربراہ بنایا گیا۔محمد زبیر کراچی کے علاقے ڈیفنس کے رہائشی اور تین بچوں کے والد ہیں، جبکہ چھ بھائیوں میں ان کا نمبر چوتھا ہے،ان کے ایک بھائی اسد عمر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بھی ہیں۔