کراچی (یس ڈیسک) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں شہری کی جانب سے درخواست دائر کردی گئی۔
سندھ ہائیکوٹ میں شہری کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان کے خلاف درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ معین خان نے جوا خانے جا کر قوم کو بدنام کیا اس لئے چیئرمین پی سی بی سے پوچھا جائے کہ معین خان کو ٹیم کے ساتھ کیوں بھیجا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ معین خان کو کسی بھی عہدے پر فائز نہ رکھا جائے اور قوم کی بدنامی کا باعث بننے پر انہیں فوری طور پر چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
واضح رہے کہ شائقین کرکٹ کی جانب سے معین خان کے جوا خانے جانے پر شدید تنقید کی جارہی ہے جب کہ لاہور کی سیشن عدالت میں بھی شہری کی جانب سے ان کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔