لندن : منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں 4 ماہ کی توسیع کردی گئی۔
منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت ختم ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اپنا بیان ریکارڈ کرانے لندن پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انٹرویو کے دوران ان سے کئی سوالات کئے گئے۔ اس موقع پر بیرسٹر فروغ نسیم، فاروق ستار، محمد انور،ندیم نصرت، بیرسٹر سیف اور دیگر بھی موجود تھے۔
ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے انٹرویو کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے ضمانت میں توسیع کی درخواست کی گئی جسے منظورکرتے ہوئے تیسری مرتبہ الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کردی گئی جس کے بعد فروری 2016 میں وہ دوبارہ لندن پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو ایم کیو ایم کے قائد نے عدالت میں پیشی کے لئے مزید وقت مانگا تھا۔ لندن کے علاقے ایجویر میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر لاکھوں پاؤنڈز برآمد کئے تھے جس کے بعد ان پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔