راولپنڈی (جیوڈیسک) کسٹم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔
ماڈل ایان علی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر کسٹم عدالت کے جج چوہدری ممتاز کے روبرو پیش کیا گیا، دوران سماعت جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیس کا عبوری چالان اب تک کیوں تیار نہیں کیا گیا جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ چالان تیار کرنے کے لئے ابھی مزید کچھ وقت چاہئے لہٰذا عدالت سے درخواست ہے کہ ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے۔
سماعت کے دوران ایان علی کی جانب سے درخواست کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے گواہ پیش کرنا چاہتی ہیں، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کسٹم حکام کو حکم دیا کہ ملزمہ کے تمام گواہان کے بیانات کو ریکارڈ کرکے چالان کا حصہ بنایا جائے اور آئندہ سماعت میں ہر صورت مقدمے کا چالان پیش کیا جائے، عدالت نے ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی۔