ملزمہ نے کسٹم کلیکٹر کی جانب سے پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے حکم کو چیلنج کر رکھا ہے
اسلام آباد (یس اُردو ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی پر کسٹم کلیکٹر کی جانب سے 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کر دی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ایان علی کی درخواست پر سماعت کی جس میں کسٹم کلیکٹر کی جانب سے 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسٹم کلیکٹر نے انہیں سنے بغیر یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا ۔ جرمانے سے متعلق کسٹم کلیکٹر کے فیصلے کا علم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سےہوا ۔ دوران سماعت ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوسکے ۔ عدالت نے جرمانے کے خلاف درخواست پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔