اسلام آباد : سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مون سون شروع ہو چکا ہے، کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، ایسی آفات سے بچنے کیلئے حکومتی مشینری کو تیار رہنا چاہئے۔
جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فلڈ کمیشن عملدرآمد کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے، جان اور مال دو بنیادی حقوق ہیں جو سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں۔ اللہ نہ کرے اس سال سیلاب آئے اگر سیلاب آتا ہے تو لوگوں کا کم سے کم نقصان ہو۔ ایسی آفات سے بچنے کیلئے حکومتی مشینری کو تیار رہنا چاہئے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ فلڈ مینجمنٹ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کا گزشتہ روز اجلاس بھی ہوا جس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر فلڈ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس بہت پہلے ہونا چاہئے تھا۔
مقدمے کی سماعت سے ایک روز قبل کمیٹی کا اجلاس دکھاوا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا مون سون شروع ہو چکا ہے، کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔