ترکی میں 15 جولائی 2016 سے جاری ہنگامی حالت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں،دوسری جانب ترک حکومت قبل از وقت انتخابات کا بھی اعلان کرچکی ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رسیاں ایجنسی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگا ن نےترکی میں جاری ہنگامی حالت میں مزید 3ماہ کی توسیع کی کوششیں شروع کر دی ہیں اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو ملک میں ہنگامی حالت میں مزید توسیع کی درخواست پر رائے شماری کی درخواست بھیجی جا چکی ہے، تجویز پر رائے شماری کا جلد امکان ہے۔ ترک حکومت کے اس فیصلے کے بعد ان امکانات نے جنم لیا ہے کہ ترکی کے آئندہ انتخابات کا انعقاد بھی ہنگامی حالت میں کیا جائے کیوں کہ ترک حکومت قبل از وقت انتخابات کا ہلے ہی اعلان کرچکی ہے۔ ترک صدررجب طیب اردگان نے قبل از انتخابات کا باقاعدہ اعلان اپنی اتحادی جماعت نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے سربراہ سے ملاقات کے بعد کیا۔ واضح رہے کہ ترکی میں عام انتخابات نومبر 2019 میں ہونا تھے لیکن مدت سے ڈیڑھ سال قبل24جون2018کو منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے لیے ووٹ ایک ہی دن ڈالے جائیں گے۔