کرکٹ آسٹریلیا اور ملک کے کرکٹ کھلاڑیوں کے درمیان نئے معاہدے کو تسلیم کیے جانے کی ڈیڈلائن گزر جانے کے بعد 200 سے زائد سینئر کرکٹرز عملی طور پر بے روزگار ہوگئے۔
کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان حالیہ معاہدہ 30 جون کو ختم ہوگیاجبکہ کوئی نیا معاہدہ ابھی تک طے نہیں پایا جاسکا۔ کھلاڑیوں اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان اس تنازع سے 200 سے زائد کرکٹرز متاثر ہوں گے۔ مارچ میں کرکٹ آسٹریلیا نے مرد اور خواتین کرکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز دی تھی لیکن تنظیم کی آمدن میں سے کھلاڑیوں کو حصہ نہیں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم آسٹریلین کرکٹر ایسوسی ایشن نے تنخواہوں کے حوالے سے نئی تجویز کو بھی مسترد کردیا۔ اب اگر کوئی معاہدہ طے نہیں ہو پاتا تو انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے، جبکہ آسٹریلیا کو اگست میں بنگلہ دیش میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔