نئی دہلی: بھارت کی مختلف ریاستوں میں مٹی کے طوفان اور بارش سے کم از کم 65 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایک بار پھر مٹی کے طوفان اور تیز بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ دہلی، اتر پردیش کے 25 اضلاع، مغربی بنگال اور اندھرا پردیش میں 70 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والے مٹی کے طوفان نے معمولات زندگی معطل کردی ہے۔ آسمانی بجلی گرنے اور اور مختلف واقعات میں 65 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جب کے زخمیوں کی تعداد کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں اتر پردیش میں ہوئیں جہاں کم از کم 51 افراد کی ہلاکت اور 28 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ بنگال میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طوفان باد وباراں اور بارشوں کے باعث بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے سیکڑوں مکانات ڈھے گئے ہی، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا اور ایک لاکھ سے زائد افراد کھڑی فصلوں اور مویشیوں سے محروم ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اترپردیش کے شہر آگرہ اور راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور میں طوفانی بارشوں اور 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں 125 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔