عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے ماہِ رمضان کا تقدس بالائے طاق رکھتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ مغرب (یورپ)، روس، مشرق وسطی اور ایشیا میں مزید حملے کرے گی جبکہ حالیہ رمضان المبارک میں وہ پہلے ہی مختلف دہشت گرد حملے کرچکی ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا ایپ ’’ٹیلی گرام‘‘ پر داعش کے چینل سے ایک آڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں مبینہ طور پر اس کے ترجمان ابی الحسن المہاجر نے داعش کے ’’ماننے والوں‘‘ سے کہا ہے کہ وہ ماہِ رمضان کے دوران امریکا، یورپ، روس، آسٹریلیا، عراق، شام، ایران اور فلپائن میں مزید حملے کریں۔ اگرچہ ابھی تک باضابطہ طور پر یہ تصدیق تو نہیں ہوسکی ہے کہ اس آڈیو کلپ میں داعش کے ترجمان ہی کی آواز ہے لیکن میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ آواز اور لب و لہجے سے یہ وہی شخص لگتا ہے جو گزشتہ آڈیو کلپس میں ترجمان داعش کے طور پر مختلف حملوں کی ذمہ داری قبول کرتا رہا ہے جبکہ اس کلپ کا داعش کے آفیشل چینل سے جاری ہونا بھی اس نکتے کو تقویت پہنچاتا ہے۔ آڈیو پیغام میں داعش کی جانب سے حالیہ رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب، ایران، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو سراہتے ہوئے یورپ، امریکا، روس، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں داعش کے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کو اپنا رول ماڈل سمجھیں اور رمضان میں ان ہی جیسی مزید کارروائیاں انجام دیں۔