شام میں اطلاعات کے مطابق خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والے شدت پسند تنظیم کے ایک شدت پسند نے اپنی ماں کو اس وجہ سے سرعام قتل کر دیا کیونکہ انھوں نے اسے گروپ کو چھوڑنے کا کہا تھا۔
شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والے کارکنوں کے مطابق یہ واقعہ رقہ میں ڈاک خانے کے سامنے پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق 21 سالہ علی ساقر نے اپنی 45 سالہ ماں لینا القاسم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق لینا القاسم نے اپنے بیٹے سے کہا تھا کہ امریکہ کی قیادت میں فوجی اتحاد دولتِ اسلامیہ کو ختم کر دے گا اور انھوں نے کوشش کی تھی کہ بیٹا ان کے ساتھ شہر چھوڑ دے۔
لینا القاسم کے بیٹے نے اپنی ماں کے خیالات کے بارے میں گروپ کو آگاہ کیا تو انھوں نے لینا القاسم کو قتل کرنے کا حکم دیا۔
علی ساقر نے راقہ میں ڈاک خانے کے باہر سینکڑوں افراد کی موجودگی میں اپنی ماں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
سنہ 2014 میں دولتِ اسلامیہ میں عراق اور شام کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کرنے کے بعد خلاف کے قیام کا اعلان کیا تھا۔