متعدد پولنگ سٹیشنز پر سہولیات کا فقدان ، لائنز ایریا میں پولنگ سٹیشن بجلی سے محروم ، انتخابی عملے کو مشکلات کا سامنا
کراچی (یس اُردو) کراچی میں این اے 245 اور پی ایس 115 میں ضمنی الیکشن کا دنگل جاری ہے ۔ پولنگ کو 2 گھنٹے گزر گئے ، سہولتوں کا فقدان ہے ، لائنز ایریا کا پولنگ سٹیشن بجلی سے محروم ہے اور انتخابی عملے اور ووٹرز کو اندھیرے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بجلی آنے کا انتظار ، پہاڑ گنج کے قریب سیاسی جماعت کا کیمپ اکھاڑ دیا گیا ۔ پی ایس 115 کراچی میں ووٹرز کی جانب سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ، جٹ لائن پولنگ بوتھ میں 2 گھنٹے بعد بھی چند ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے آئے ۔ نارتھ ناظم آباد ، سٹی پولنگ سٹیشن میں 2 گھنٹے بعد بھی کوئی ووٹر نہ آیا ۔ ووٹرز گھر سے نہیں نکلے ، پولنگ عملہ فارغ بیٹھا رہا اوردنیا نیوز کے استفسار پر جواب دیا کہ اور کوئی مسئلہ نہیں بس ووٹرز نہیں آئے ۔ تمام پولنگ سٹیشنز پر ٹرن آئوٹ انتہائی کم رہا اور ووٹوز کی جانب سے الیکشن میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ لائنز ایریا میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی جس سے ماحول کشیدہ ہوگیا ، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا ۔ دوسری جانب متعدد پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بم ڈسپوزل سکواڈ نے تلاشی لی اور اس کے بعد پولنگ سٹیشنز کو کلیئر قرار دیا گیا ۔