اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں کل بلائے گئے سینیٹ اجلاس اور قرارداد سے متعلق تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے سینیٹ اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سینیٹ اجلاس میں قرارداد سے متعلق بیلٹ پیپر تیار کر لیے گئے ہیں جن پر خفیہ رائے شماری کرائی جائے گی، ہر رکن حروف تہجی کے حساب سے اپنا بیلٹ پیپر حاصل کرے گا۔قرارداد کے حق یا مخالفت میں ووٹ دے کر بیلٹ باکس میں ڈالنا لازمی ہوگا، دونوں عہدوں پر انتخابات کے لیے پریزائیڈنگ افسر شیڈول کا اعلان کریں گے جب کہ سینیٹر بیرسٹر سیف نئے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔سینیٹ سیکریٹریٹ نے قرارداد پر ووٹ کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا، سینیٹ سیکریٹریٹ نے پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عاید کر دی۔سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق بیلٹ پیپر کسی کو دکھانا یا تصویر بنانا منع ہے، ووٹ کی رازداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا، قرارداد پر رائے شماری بہ ذریعہ خفیہ بیلٹ ہوگی۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومتی ارکان نے بھی ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا اعلان کیا۔اپوزیشن کی جانب سے اس سلسلے میں رہبر کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کیا۔ اگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کام یاب ہوتی ہے تو پھر دونوں عہدوں کے لیے ایک بار پھر انتخابات ہوں گے۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو چور لٹیرے موجودہ حالات میں ٹارزن بننے کی کوشش کررہے ہیں وہ مارے جائیں گے۔ عمران خان اپنی پانچ سال کی مدت پوری کریں گے۔ نواز اور زرداری خاندانوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی ریلوے اسٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاشیخ رشید نے مزید کہا کہ آئندہ تین سے چار ماہ امتحان کے ہیں نیاسال عوام کی سہولت اور حکومت کی مزید کامیابیوں کا سال ہوگا تاہم جس جس نے جو بویا ہے وہ کاٹے گا نواز اور زرداری خاندان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے یہ باپ بچانے اور وہ اولادکے دینے کی کوشش کررہے ہیں ان کو بیس کروڑ لوگوں میں قیادت نظرنہیں آتی ہے یہ جب بانٹنے پر آتے ہیں تو اپنوں میں بانٹتے ہیں اور ڈانٹتے ہیں تو غریب لوگوں کو ڈانٹتے ہیں یہ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں انہیں کھیلنے دو ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی اپنے خلاف تحریک میں کامیاب ہونگے ان کی کامیابی میری خواہش بھی ہے اور کوشش بھی ہے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں پانچ ہزار سے زائد خالی جگہیں نکال لی ہیں جس میں سے بیس فیصد ریلوے ملازمین کے لیے ہوگا جبکہ باقی پر میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی اور ایک سے پانچ گریڈ تک کی ملازمتوں کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی اور اس سلسلے میں اب تک تک 10 لاکھ سے زائد درخواستیں آچکی ہیں ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں اس کا سیاسی نقصان ہوگا لیکن فیصلہ میرٹ پر ہوگا ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں دس ماہ کے ستر لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے اور تین سے چار ماہ میں مزید 30 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوگا ریلوے کے اس وقت 7 کروڑ مسافر ہیں جن کی اسکیننگ کا موثر نظام لانے کی کوششیں کررہے ہیں