کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کروڑوں عوام کی نمائندگی کرنے والی سچی عوامی جماعت ہے جس میں جرائم پیشہ عناصر کے لئے زیرو ٹالرینس ہے۔
میں دہشت گردی کے خلاف ہوں اور عدم تشدد پر یقین رکھتا ہوں۔ ایم کیو ایم میں جرائم پیشہ افراد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سازشی ہتھکنڈوں سے متحدہ قومی موومنٹ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم کو اوچھے ہتھکنڈوں اور زہریلے پروپیگنڈے سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ایم کیو ایم قائد کا کہنا تھا کہ پہلے بلوچ نوجوانوں کی لاشیں مل رہی تھیں اور اب سندھی نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جا رہی ہیں۔ سندھیوں اور مہاجروں کو ان حالات سے سبق سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وقاص شاہ سمیت ایم کیو ایم کے دیگر شہید کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو فراخدلانہ پیشکش کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور جمہوری انداز میں ایم کیو ایم کا مقابلہ کریں۔