اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایم کیو ایم حکومت سے مذاکرات پر آمادہ، وفد آج وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا، 19 نکات پر بات ہو گی۔
ایم کیو ایم کی حکومت سے ناراضی کو کافی دن گزر گئے ۔ متحدہ کو منانے کی ذمہ داری جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو دی گئی تو انہوں نے مذاکرات کے لئے اپنا کردار بخوبی نبھایا۔
وہ ڈی آئی خان سے اسلام آباد پہنچ گئے اور پرامید ہیں کہ فریقین کے درمیان آج مذاکرات بحال ہو جائیں گے، انہوں نے الطاف حسین سے بھی درخواست کی کہ استعفوں کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی معاملات طے کرانے کے لئے سرگرم ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی ملاقات سہ پہر 3 بجے ہوگی۔
ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ کے 19 نکات پر بات ہوگی ، وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت طے ہے، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی بھی یہی خواہش ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اسمبلی میں واپس آ جائے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے موجودہ حالات میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اسی لئے سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔