ایم کیوایم پاکستان نے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 114 کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیئے۔
کراچی کے حلقے پی ایس 114 سے سندھ اسمبلی کی نشست کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سعید غنی 23 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کامران ٹیسوری 18 ہزار سے زائد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سعید غنی کی کامیابی کے بعد حلقے میں دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔ جب کہ اب ایم کیوایم نے حلقہ 114 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو الیکشن کمیشن میں باضابطہ طورپر چیلنج کردیا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق اور دوبارہ گنتی تک نتائج روکے جائیں اور نادرا سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ پی ایس 114 کے نتائج آخری وقت میں تبدیل کیے گئے۔ ایم کیوایم نے درخواست میں الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی بھی استدعا کی ہے۔