ایم کیو ایم نے کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ وسیم اختر کو میئر جبکہ ارشد وہرہ کو ڈپٹی میئر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
کراچی: (یس اُردو) لال قلعہ گراؤنڈ میں رابطہ کمیٹی ، نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ذمہ داروں کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے قائم مقام کنونیئر ندیم نصرت نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو کراچی کا میئر اور متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ کو ڈپٹی میئر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کی نامزدگی خفیہ رائے شماری کے بعد کی گئی ہے۔ ندیم نصرت نے قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی کا سینیئر ڈپٹی کنونیئر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ منتخب اور نامزد ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پر مکمل نظر رکھی جائے گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اگر بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے مطابق اختیارت نہیں دیئے تو عوام کے پاس دوبارہ جائیں گے۔