کراچی(نمائندہ خصوصی )سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہارالحسن کو رہا کر دیا گیا، وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر کراچی پولیس آفس سے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ آج شام ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کو گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے بعد انہیں گڈاپ تھانے میں رکھا گیاتھا،تقریباً 5گھنٹے بعد کراچی پولیس آفس لاکر رہا کردیا گیا۔
خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے خلاف وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایکشن لیا تھا جن کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور ڈی آئی جی ایسٹ کامران فضل کو معطل کردیا تھا۔
رہائی کے موقع پر خواجہ اظہار الحسن کے وکیل آنند کمارکا کہنا ہے کہ خواجہ اظہار الحسن کو پاکستان مخالف تقریر کے کیس میں گرفتار کیا گیا،انہیں اس شرط پر رہا کیا گیا ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب کل یا پرسوں خواجہ اظہار کو عدالت میں پیش کیا جائے گا،جبکہ راؤ انوار کے خلاف پہلے ہی کارروائی کی جاچکی ہے۔
خواجہ اظہار الحسن نے رہائی کے بعد ’جیونیوز‘ سے ٹیلی فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میری گرفتاری کی خبر سے میری والدہ کو دل کا دورہ پڑا ہے، فوری طور پر گھر جانا چاہتا ہوں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ فی الحال کچھ نہیں کہنا،تمام صورت حال سے 10بجے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔