ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے استعفا دے دیا، اسپیکر ایاز صادق نے استعفےکی تصدیق کے لیے علی رضا عابدی کو بدھ کی شام 4 بجے بلالیا۔
علی رضا عابدی کا کہنا ہے کہ سیاسی اور ذاتی وجوہات کی بنا پرقومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑ رہے ہیں، ان کے مطابق وہ اپنا استعفا خود پیش کر کے تصدیق کریں گے اور اسپیکر سے ملاقات کرکے استعفا منظور کرائیں گے۔ علی رضا عابدی نے سوشل میڈیا پر اپنے استعفے کی وجوہات بھی بتائیں، ان کا کہنا تھا کہ 4 سال سے جاری آپریشن، مداخلت اور اس کے نتائج وجہ ہیں۔ کراچی میں اپنے حلقے کے عوام کے لیے وہ کچھ نہیں کر سکے۔ علی رضا عابدی نے مردم شماری کے نتائج اور بلدیاتی اداروں میں اختیارات نہ ملنا بھی استعفے کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ پی ایس پی کے ساتھ کسی قسم کے انتخابی الائنس کا حصہ نہیں بن سکتے۔