لندن : ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینئر رکن محمد انور کو خرابی صحت اور مسلسل علالت کے سبب رابطہ کمیٹی کی رکنیت سمیت تمام تر تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا۔
رابطہ کمیٹی کے مطابق محمد انور تنظیمی کاموں میں ماضی کی طرح دلچسپی اور ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے۔ متعدد امراض کے باعث انہیں طبی معائنے کے لئے آئے دن ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ محمد انور اب رابطہ کمیٹی کے رکن نہیں رہے اس لیے اب تنظیمی امور کے حوالے سے ان سے کوئی رابطہ نہ کیا جائے۔ محمد انور کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
لندن میں الطاف حسین کے پہلے میزبان محمد انور بنے وہ پارٹی کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے۔ منی لانڈرنگ کیس میں میٹرو پولیٹن پولیس نے انہیں حراست میں رکھا اور ان دنوں وہ ضمانت پر ہیں۔