متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی نے کراچی کے مسائل پر مل کر سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار آج شام چھ بجے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کریں گے، جس میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنما بھی ساتھ ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کراچی کے مسائل خصوصاً مردم شماری پر ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم پریس کانفرنس سے قبل فاروق ستارنے شام 4 بجے پارٹی عہدیداروں کا اجلاس بھی طلب کرلیا ، جس میں اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک تحریک ہے اور کچھ نہ کچھ ہونا چاہئے۔ایک صحافی کے سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ پہلے پارٹی اجلاس ہوجائے پھر بات کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو یم اورپی ایس پی میں ورکنگ فارمولا طےپاگیاہے اور مردم شماری سمیت کراچی کےمسائل پر مل کر کام کیا جائے گا۔
ادھر ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر جمع ہوں، پی ایس پی سے ملنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا،جو پارٹی کے مفاد میں ہوگا وہ کریں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے،امن کے قیام اور فساد، لڑائی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپس کی لڑائی میں عوام کا نقصان ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ تین دن کے نوٹس پرجلسہ کیا ہے۔