ایم کیوایم پاکستان نے بھی وزیراعظم سے کرسی چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ آزاد انکوائری کے لیے وزیراعظم کو اپوزیشن کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مشکل حالات کے باوجود بھی ایم کیو ایم پاکستان لاہور میں قائم ہے ، پاکستان میں فیصلے کی گھڑی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ
22 اگست کو لندن سے ہونے والی تقریر کے بعد ہمارے لئے فیصلے کی گھڑی آئی، ہم نے فیصلہ کیا اور پیچھے مڑ کرنہیں دیکھا ،آج پاکستان کے لئے بھی فیصلے کی گھڑی آگئی ہے۔ نواز شریف کو مشورہ دوں گا کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، انکوئری شفاف بنانے کےلئے وزیر اعظم کا مستعفی ہونا ضروری ہے ، یقین ہے کہ وزیراعظم میرے مشورے پر فیصلہ کریں گے۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے یہ بھی کہا کہ سیاست میں ایک عرصے سے بادشاہت قائم ہے،کسی بھی منتخب حکومت پر لازم ہے کہ آئین کی بالادستی کو قائم رکھے۔مردم شماری کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کیا،حکومتوں کا کام عدالتیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے ٹال مٹول کرتی رہیں، بلدیاتی انتخابات کےلئے بھی سپریم کورٹ کو آنا پڑا، حکومت کے سارے کام اگر سپریم کورٹ نے کرنے ہیں تو حکومت گھر جائے۔
فاروق ستار نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات کرائے لیکن اختیارات نہیں دیے، ہم بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار کرنے آئے ہیں۔ بلدیاتی نظام کے غصب شدہ حقوق ہم صوبائی حکومتوں سے دلوائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور آنے کا مقصد شہریوں کے بنیادی حقوق بازیاب کروانا ہے۔ ہم لاہور کے مئیر کے ساتھ کھڑے ہونے آئے ہیں، لاہور کے میئر کو یقین دلاتا ہوں ہم ان کے ساتھ ہیں۔