کراچی / لندن: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور لندن نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو دہشت گردی کی علامت قرار دیئے جانے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔
یس اردو نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان امین الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نہال ہاشمی نےعشرت العباد سے متعلق غیر ذمےدارانہ گفتگو کی، اس طرح کے بیانات مسلم لیگ (ن) کی دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں ہے، جب مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ ترین قیادت ایم کیوایم کے مرکز خود چل کر آتی تھی اس وقت نہال ہاشمی جیسے لوگوں کو ایم کیوایم دہشت گرد تنظیم نہیں لگتی تھی۔ کراچی آپریشن کا آغاز بھی گورنر ہاؤس میں نواز شریف صاحب نے اسحاق ڈار ، چوہدری نثار اور خود موصوف کے ہمراہ فخریہ انداز میں شروع کیا تھا۔
دہشت گردی کی آخری علامت بھی ختم
دوسری جانب ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی نےغیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے، نہال ہاشمی پہلے کونسلر کا الیکشن جیت کر دکھائیں، وہ مسلم لیگ (ن) کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہے ہیں، امید ہے (ن) لیگ نہال ہاشمی سے ان کےبیان کی وضاحت طلب کرے گی۔
واضح رہے کہ نئے گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری کے بعد نہال ہاشمی نے کہا تھا کہ پاکستان مخالف لوگوں نے پرویز مشرف دور میں گورنر ہاؤس میں ڈیرہ ڈالا تھا، 14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمایندہ گورنرہاؤس بھیجا گیالیکن آج گورنر ہاؤس سے پاکستان کو نہ ماننے والوں اور دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔