کراچی:نشتر پارک میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان آج کراچی کے نشتر پارک میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس سے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان اور دیگر اہم رہنما خطاب کریں گے اور مختلف برادریوں سمیت ملک کی سیاست کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ جلسے کے لیے شہر بھر سے نشتر پارک آنے والے تمام راستوں پرکارکنان کی جانب سے استقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جب کہ اہم شاہراہوں اورراستوں کوبرقی قمقموں، رنگ برنگی جھالروں سے سجایا گیا ہے اورتمام راستوں پر پینافلکس اسکرینیں، ایم کیو ایم پرچم اور خوش آمدید کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے ہوئے ہیں۔جلسے سے قبل ایم کیو ایم نے نشترپارک میں 29دسمبرکی شب ” کراچی والے “کے عنوان سے میوزیکل پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں نے ایک موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی جس کے شرکا نے شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو جلسے میں بھر پور شرکت کی دعوت دی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار جلسے کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کا اندازہ ان لوگوں کو بہت جلد ہوجائے گا جو بہت بولتے ہیں۔