متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سیاسی صورتحال اور بلدیاتی حکومتوں سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، مصطفیٰ کمال کی پاک سر زمین پارٹی کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق سربراہ ایم کیو ایم کی صدارت میِں رابطہ کمیٹی کا اجلاس عارضی مرکز بہادرآباد میں ہوا، اجلاس میں22 اگست کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کانفرنس میں بدعنوانی کے خاتمے، مقامی حکومتوں کے اختیارات اور پاکستان کی سالمیت کے امور پرغور کیا جائے گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا موجودہ صورتحال میں کل جماعتی کانفرنس وسیع تر اتفاق رائے کے لیے بہترین فورم ثابت ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف اور پیرپگارا نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔