کراچی: گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن وسیم راجا کی دوران حراست ہلاکت پر ایس ایچ او پاک کالونی کو معطل کردیا گیا ہے جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے اپنا دھرنا ختم کردیا۔
اورنگی ٹاؤن میں ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے کارکن وسیم راجا کے قتل کے خلاف دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں متحدہ پاکستان کے سینئر رہنما فیصل سبزواری اور عامر خان کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
وسیم راجا کی نماز جنازہ کے بعد ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کارکنان کو گرفتار کرکے قتل کیا جارہا ہے آئی جی صاحب اپنے محکمے کا اعتماد بحال کریں ہم قانون کے دائرے میں رہ کر وزیراعلیٰ سندھ سے احتجاج کررہے ہیں۔
رہنماؤں سے مزاکرات کے لئے ایس ایس پی ناصرآفتاب پہنچے تو ان سے مطالبہ کیا گیا کہ پاک کالونی کے ایس ایچ او کو معطل کیا جائے جس پر ناصر آفتاب نے ایس ایچ او پاک کالونی کی معطلی کے احکامات جاری کردیئے جس کے بعد ایم کیوایم پاکستان کے کارکنان نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔