لندن (یس ڈیسک) ایم کیو ایم جلدہی سندھ حکومت میں شامل ہو گی، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین سیاسی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا، دونوں جماعتیں سینیٹ الیکشن میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں دونوں جماعتوں کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گی۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت پیپلزپارٹی کو 7 اور ایم کیو ایم کو 4 نشستیں ملیں گی جبکہ معاہدے پر عمل درآمد اور ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے کیلیے کمیٹی قائم کی جائے گی۔ کمیٹی میں دونوں جانب سے 2 ،2 ارکان شامل ہوں گے۔اعلامیہ کے مطابق اس مرتبہ دونوں جماعتوں کے مابین باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوگا۔ قبل ازیں ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین سے رحمان ملک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو اس کا جائز حق ملے گا اور ہر شعبے میں 40-60 کے فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔