کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے حلقہ این اے 246 سے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ یہ حلقہ ماضی میں بھی الطاف حسین کا تھا اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے مستقبل میں بھی ایم کیو ایم کا ہی رہے گا۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کے متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، اسٹیبلشمنٹ کے سہارے کراچی آنے والے اور کراچی کو فتح کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
کنور نوید کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد ایم کیو ایم کا قلعہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 246 کی نشست ایم کیو ایم کی جیتی ہوئی ہے اور انتخابات کی شام ایک بار پھر ایم کیو ایم کامیابی کا جشن منائے گی۔