counter easy hit

ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت پر دوسرے روز بھی سوگ

Strike

Strike

کراچی: ایم کیو ایم کے کارکن وسیم دہلوی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف دوسرے روز بھی سندھ کے مختلف شہروں میں سوگ منایا جا رہا ہے۔

ایم کیو ایم کے کارکن وسیم دہلوی کی پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد سے ہلاکت کے خلاف دوسرے روز بھی کراچی میں سوگ منایا جا رہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں سی این جی اور پیٹرول پمپس بند جب کہ صبح سویرے کھلنے والے ہوٹل اور دکانیں بھی بند ہیں۔ سوگ کے باعث سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے جس کے باعث شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایم کیو ایم کے سوگ کے باعث جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، سرسید یونیورسٹی اور اعلیٰ ثانوی بورڈ کے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، ملتوی پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کراچی کے علاوہ حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ، میرپور خاض اور ٹندو آدم سمیت دیگر شہروں میں بھی ایم کیو ایم کی جانب سے سوگ منایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بلدیہ سے گرفتار ایم کیو ایم کے کارکن وسیم دہلوی کی پولیس کے مبینہ تشدد سے ہلاکت ہو گئی تھی جس پر ایم کیو ایم کی جانب سے سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔