کراچی: شہر قائد میں 19 افراد کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا گیا جو اپنی ہی پارٹی کے ایم پی اے منظر امام کے قتل میں بھی ملوث ہے۔
کراچی میں ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نیو کراچی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 19 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر زاہد اقبال کو گرفتار کرکے اس سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن کے ٹیررسٹ ونگ سے ہے اور اس نے 1992 سے کارروائیاں شروع کیں۔ ڈاکٹر رضوان خان نے بتایا کہ ملزم زاہد اقبال نے حماد صدیقی کے کہنے پر بھی کئی قتل کیے، دوران تفتیش ملزم نے اپنے 21 ساتھیوں کے ساتھ کارروائیوں کا انکشاف کیا ہے، ملزم جلاؤ گھیراوُ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہے، ملزم اپنی ہی پارٹی کے ایم پی اے منظر امام کے قتل میں بھی ملوث ہے، ملزم نے آخری واردات 2013 میں کی جبکہ وہ موقع کی تلاش میں تھا اور روپوش تھا۔
نقیب اللہ قتل کیس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ جے آئی ٹی راؤ انوار کیس کی تحقیقات کررہی ہے، ڈی آئی جی کے تحریری ہدایت ہے کہ میڈیا پر کچھ نہیں بتانا، جے آئی ٹی مکمل ہوگی تو تفصیلات سامنے آجائیں گی۔ واضح رہے کہ جنوری 2013 میں کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں گھات لگائے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی سید منظر امام ،ان کے دو محافظوں اور ڈرائیور کو قتل کردیا تھا۔