بیجنگ: بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور ورلڈ بینک کی سی ای او کی ملاقات، ملاقات بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے سی ای او کو پاکستان کے اقتصادی معاملات سے آگاہ کیا۔ عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ بینک کی سی ای او نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس سے پہلے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت پر خوشی ہے اور گوادر کمرشل حب میں تبدیل ہو رہا ہے۔ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران میں کمی ہوئی۔ پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے اور پاکستان کی غیرمشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔ خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہوگا ہم بنیادی ڈھانچے، ریلوے، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں اس کے ساتھ زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان میں احساس کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے اور ماحول کی بہتری کے لیے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ عمران خان نے اس موقع پر شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کررہا ہے کیونکہ وائٹ کالر کرائم ہی ترقیاتی کاموں کو برباد کرتا ہے۔اس دوران وزیراعظم نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو پُرکشش مواقع فراہم کررہا ہے۔